ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھوج شالہ تنازعہ:سروے مکمل،39 ٹوٹے ہوئے مجسمے ملنے کا دعویٰ

بھوج شالہ تنازعہ:سروے مکمل،39 ٹوٹے ہوئے مجسمے ملنے کا دعویٰ

Sun, 30 Jun 2024 17:45:17    S.O. News Service

نئی دہلی ، 30/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے بھوج شالہ مندر ۔کمال مولا مسجد کا سائنسی سروے مکمل کر لیا ہے، جسے مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں 13ویں صدی کی یادگار کہا جاتا ہے۔ دعویٰ ہے کہ اس سروے کے دوران ملنے والے 1,700 نوادرات میں 39 ٹوٹے ہوئے مجسمے پائے گئے ہیں۔ نمونے میں متعدد مجسمے کے علاوہ ڈھانچے، ستون، دیواریں وغیرہ شامل ہیں۔

ذرائع کے حوالے سے ٹی او آئی میں شائع خبر کے مطابق، مورتیوں میں واگ دیوی (سرسوتی)، مہیشسور مرڈینی، گنیش، کرشنا، مہادیو، برہما اور ہنومان کی مورتیاں شامل ہیں۔ سروے کا یہ پورا عمل ہائی کورٹ کی ہدایات کے بعد اور دونوں (ہندو-مسلم) جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں کیا گیا۔حالانکہ مقامی مسلمانوں نے سروے کا بائیکاٹ کیا تھا۔ بھوج شالا مکتی یگیہ کے کنوینر گوپال شرما، جو سروے کے دوران ہندوؤں کے نمائندے کے طور پر موجود تھے، نے دعویٰ کیا، سروے کے دوران، اسی جگہ سے پتھر سے بنی واسوکی ناگ کی مورتی ملی تھی جہاں سے شری کرشن کی مورتی ملی تھی۔

سناتن دھرم سے متعلق کل نو آثار بشمول مہادیو اور کلش کی مورتی کمپلیکس کے شمال مشرقی حصے میں ایک ہی جگہ سے ملی ہے۔ ان کو اے ایس آئی نے محفوظ کر رکھا ہے۔ تاہم مسلم فریق نے کہا کہ یہ بت ایک جھونپڑی سے برآمد ہوئے ہیں اور انہیں سروے کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔ کمال مولا ویلفیئر سوسائٹی کے صدر عبدالصمد نے بتایا کہ شمالی جانب جھونپڑی نما ڈھانچہ سے مجسمے اور پتھر کی چیزیں نکل رہی تھیں، جہاں پرانی عمارت کے کچھ حصے رکھے گئے تھے اور اسے ہٹانے کا کام کیا جا رہا ہے۔

عبدالصمد نے کہا اس میں شک ہے۔ ہمارا سوال یہ ہے کہ جب جھونپڑی بنائی گئی تو سامان کہاں سے لایا گیا؟ اس سے نکلنے والے مواد کو سروے میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے۔ ہمارا یہ پرانا اعتراض رہا ہے کہ جو چیزیں بعد میں ہوئیں ان کو سروے میں شامل نہ کیا جائے۔ کچھ ہندوؤں کا ماننا ہے کہ بھوج شالا واگ دیوی (سرسوتی) کا مندر ہے۔ جبکہ مسلم فریق کا دعویٰ ہے کہ وہ ہمیشہ سے مسجد رہی ہے۔ جب یہ تنازع مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں پہنچا تو عدالت نے 11 مارچ کو اس کے سائنسی سروے کی اجازت دے دی۔ اور بعد ازاں 29 اپریل کو آٹھ ہفتوں کا اضافی وقت دیا گیا جو جمعرات کو ختم ہوا۔

گزشتہ 98 دنوں سے اس جگہ کی کھدائی کرنے والے اے ایس آئی کو 2 جولائی کو ہائی کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کرنی ہے۔ اس معاملے میں اگلی سماعت کے لیے 4 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ کیا اے ایس آئی کو اس مخصوص کمپلیکس پر دو برادریوں کے متنازعہ دعوؤں کی چھان بین کے لیے کچھ ٹھوس شواہد ملے ہیں یا وہ سروے کے لیے مزید وقت مانگے گا؟ یہ 4 جولائی کو واضح ہو جائے گا۔

۔ 29 اپریل کو پچھلی سماعت میں، ایم پی ہائی کورٹ کی اندور بنچ نے کہا تھا کہ وہ اس کے لیے مزید وقت نہیں دے گا اور اے ایس آئی کو 27 جون تک اپنا سروے مکمل کرکے 2 جولائی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فی الحال، متنازعہ کمپلیکس اے ایس آئی کی حفاظت میں ہے اور ہندوؤں کو کمپلیکس میں واقع واگ دیوی (سرسوتی) مندر میں ہر منگل کو پوجا کرنے کی اجازت ہے، جب کہ مسلمانوں کو کمپلیکس کے ایک طرف واقع مسجد میں ہر جمعہ کو نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔ .


Share: